مانچسٹر: پریمیئر لیگ میں کھلاڑی کو اپنی ہی ٹیم کے ساتھی کھلاڑی کے ساتھ جھگڑنے پر ریڈ کارڈ دے کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔
یہ واقعہ پیر کو پریمیئر لیگ میں ایورٹن اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا۔
ایورٹن کے مڈفیلڈر اڈریسا گوئی کو اپنی ہی ٹیم کے کھلاڑی مائیکل کین کے ساتھ جھگڑنے پر ریڈ کارڈ دیا گیا۔
17 سال بعد ایسا واقعہ پیش آیا ہے جب کسی کھلاڑی کو اپنی ہی ٹیم کے ساتھی سے جھگڑنے پر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔
یہ سارا واقعہ میچ کے 13ویں منٹ میں اس وقت شروع ہوا جب اڈریسا گوئی کے ایک غلط پاس کے نتیجے میں برونو فرنینڈس کا شاٹ گول پوسٹ کے قریب سے نکل گیا۔
گوئی نے بظاہر اس بات پر ناراضگی کا اظہار کیا کہ مائیکل کین نے ان کے پاس تک پہنچنے کی کوشش نہیں کی اور دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو دھکے دینا شروع کر دیے۔

