اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف ہنگامی سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسن اندرابی کے مطابق وزیراعظم یہ دورہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر کر رہے ہیں جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران سعودی ولی عہد سے ملاقات کریں گے جس میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور پاکستان و سعودی عرب کے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ دوطرفہ مشاورت اور خطے میں امن و سلامتی کے امور پر رابطوں کا اہم حصہ ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے جنگ بندی، مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے حل کی حمایت جاری رکھے گا۔
اہم نکات:
وزیراعظم شہباز شریف ہنگامی دورے پر سعودی عرب روانہ
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات متوقع
مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر گفتگو ہوگی
پاکستان نے جنگ بندی اور سفارتی حل پر زور دیا ہے

