اماراتی حکومت کا فیصلوں میں براہ راست عوامی شمولیت کیلئےنئی اتھارٹی قائم کرنےکا اعلان

0

ابوظبی متحدہ عرب  امارات (یو اے ای) میں  حکومت نے عوام کو  فیصلوں میں براہ راست شامل کرنے کے لیے ایک نئی سرکاری اتھارٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے نئے سرکاری ادارے کمیونٹی مینیجڈ ورچوئل اتھارٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے جسے مکمل طور پر اماراتی شہری خود چلائیں گے۔

نئے نظام کے تحت عام شہری، ماہرین، نوجوان، کاروباری افراد اور  ریٹائرڈ لوگ باری باری کمیونٹی ورچوئل اتھارٹی کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔  اماراتی افراد کو   روایتی انتخابات کے بجائے اہلیت، تجربے اور صلاحیت کی بنیاد پر منتخب کیا جائےگا۔

اماراتی سرکاری خبر رساں ادارے  وام کے مطابق اس اقدام کا مقصد یہ ہےکہ عوام کو صرف ووٹ دینے تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ انہیں براہ راست فیصلےکرنے میں شریک کیا جائے۔

نئی اتھارٹی ایسے منصوبے تیار کرےگی جو فوری طور پر نافذ کیے جاسکیں گے اور جن سے عوام کی زندگی بہتر ہو گی، یہ نظام عوامی مشاورت اور شراکت پر مبنی ہوگا، جسے ماہرین ایک جدید اور شراکتی جمہوری ماڈل قرار دے رہے ہیں۔

حکومت کا کہنا ہےکہ اس نئے طریقہ کار سے بہتر فیصلے ہوں گے اور عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں