بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
رپورٹس کے مطابق خالدہ ضیا جگر کے عارضے سمیت کئی امراض میں مبتلا تھیں اور کافی عرصے سے اسپتال میں زیر علاج تھیں تاہم آج وہ خالق حقیقی سے جا ملیں، ان کا انتقال دارالحکومت ڈھاکا کے اسپتال میں مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے ہوا۔
گزشتہ روز ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو انتہائی تشویشناک قرار دیا تھا، اس حوالے سے ان کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ کے رکن ڈاکٹر ضیاء الحق کا کہنا تھا کہ خالدہ ضیا کو لائف سپورٹ پر رکھا گیا ہے اور باقاعدگی سے ڈائیلاسس کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب بھی ڈائیلاسس روکا جاتا ہے تو ان کی حالت میں نمایاں طور پر بگاڑ آ جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ عمر اور متعدد پیچیدہ بیماریوں کے باعث ایک ساتھ ہر بیماری کا علاج ممکن نہیں رہا۔
خالدہ ضیا بنگلا دیش کی معروف سیاستدان تھیں، جنہوں نے 1991 سے 1996 اور پھر 2001 سے 2006 تک ملک کی وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔

