لاہور ایشین انڈور ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے لیے نیشنل گیمز کے پرفارمر کو نظر انداز کر دیا گیا۔
ایشین انڈور ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 6 سے 8 فروری 2026 تک چین کے شہر تیانجن میں کھیلی جائےگی۔
ذرائع کے مطابق ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان اور پاکستان اولمپکس ایسو سی ایشن (پی او اے) کے تنازعے سے ایتھلیٹس متاثر ہونے لگے ۔
فیڈریشن نیشنل گیمز کے ایتھلیٹکس ایونٹ کو تسلیم نہیں کرتی۔ ایتھلیٹکس کا ایونٹ پی او اے کی کمیٹی نے کرایا تھا۔
اس وجہ سے فیڈریشن نیشنل گیمز کو زیر غور نہیں لائی اور نئے ٹرائلز بھی نہیں کرائے گئے۔ ایشین انڈور ایتھلیٹکس چیمپئین شپ کے لیے گزشتہ ٹرائلز کی بنیاد پر ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق نیشنل گیمز میں پاکستان کی تیز ترین ایتھلیٹ قرار پانے والی ٹرپل گولڈ میڈلسٹ فائقہ ریاض نظر انداز ہوگئیں جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والی اسپرنٹر تامین خان ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تیز ترین ایتھلیٹ محمد سمیع اللہ نظر انداز جبکہ نیشنل گیمز نہ کھیلنے والے شجر عباس ایونٹ کیلئے شامل ہوگئے۔
شجر عباس انجری کے باعث نیشنل گیمز میں حصہ نہ لے سکے تھے۔
ذرائع کے مطابق سہیل عامر، محمد اختر اور محمد نعیم چیمپئن شپ کے لیے سلیکٹ ہونے والوں میں شامل ہیں۔
سیکرٹری فیڈریشن شاہ جہاں میر کا کہنا ہے کہ چیمپئین شپ کے لیے فائنل انٹری نہیں بھیجی گئی۔ نیشنل گیمز میں ایتھلیٹکس کے ایونٹ کو فیڈریشن نے سپر وائز نہیں کیا ،نتائج کوتسلیم نہیں کیا جا سکتا ۔
سیکرٹری فیڈریشن کے مطابق نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن آئندہ ہفتے منعقد ہو رہی ہے۔

