قومی سلامتی کے خدشات پرامریکا نے چینی ساختہ سمیت تمام غیر ملکی ڈرونز کی درآمد پر پابندی عائد کردی

0

واشنگٹن امریکی فیڈرل کمیونیکیشنز کمیشن (ایف سی سی) نے غیر ملکی ڈرونز کے تمام نئے ماڈلز اور اہم پرزہ جات کی امریکا میں درآمد پر پابندی عائد کردی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق جن ڈرونز پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں چین کی معروف کمپنیوں ڈی جے آئی اور آٹیل  کے ڈرونز بھی شامل ہیں۔ 

ایف سی سی کے مطابق یہ ڈرونز امریکا کی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتے ہیں۔

ایف سی سی کی جانب سے ان کمپنیوں کو اپنی’کوَرڈ لسٹ‘ میں شامل کیے جانے کے بعد ڈی جے آئی، آٹیل اور دیگر غیر ملکی ڈرون ساز کمپنیاں امریکا میں ڈرونز یا ان کے اہم پرزہ جات کے نئے ماڈلز فروخت کرنے کے لیے ضروری ایف سی سی منظوری حاصل نہیں کر سکیں گی۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ اقدام چینی ساختہ ڈرونز کے خلاف امریکا کی حالیہ سخت پالیسیوں میں ایک بڑا اضافہ قرار دیا جا رہا ہے، ستمبر میں امریکی محکمہ تجارت نے بھی کہا تھا کہ وہ چینی ڈرونز کی درآمد کو محدود کرنے کے لیے ایسے قواعد متعارف کرانے کا منصوبہ بنا رہا ہے جو ایف سی سی کے اقدامات سے بھی آگے جا سکتے ہیں۔

ایف سی سی نے واضح کیا ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق پہلے سے منظور شدہ ماڈلز پر نہیں ہوگا، نہ ہی اس سے پہلے خریدے گئے ڈرونز کی درآمد، فروخت یا استعمال پر کوئی اثر پڑے گا۔ 

دنیا کی سب سے بڑی ڈرون بنانے والی کمپنی ڈی جے آئی نے اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہے کہ اگرچہ ڈی جے آئی کو براہِ راست نشانہ نہیں بنایا گیا تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ انتظامیہ نے کن معلومات کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں