چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے مسلم لیگ ن کے سینیٹر عابد شیر علی کو بیلٹ پر مہر لگانے کی ویڈیو بنانے کے کیس میں بات کرنے سے روک دیا۔
پی پی 116 فیصل آباد کے ضمنی انتخاب میں عابد شیر علی کی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کی۔
سماعت میں چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سب کے سامنے بیلٹ پیپر پر مہر لگانا اور مہر لگانے کی ویڈیو بنانا دونوں جرم ہیں، پی پی 116 کے ضمنی الیکشن کے دوران ووٹ سیکریسی کو مجروح کیا گیا ہے۔
سماعت کے دوران عابد شیر علی نے کہا کیا میں بول سکتا ہوں، مجھے عمرے پرجانا ہے، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ن لیگ کے رہنما کو بولنے سے روک دیا۔
الیکشن کمیشن نے کیس کی مزیدسماعت 6 جنوری تک ملتوی کردی۔
واضح رہے پی پی 116 فیصل آباد کے ضمنی انتخابات کے دوران عابد شیر علی نے ووٹ ڈالتے ہوئے ویڈیو بنائی تھی۔

