وگوں کی زندگیاں بچانے والا مسلم شہری آسٹریلیا کا ہیرو ہے: آسٹریلوی ہائی کمشنر

0

اسلام آباد پاکستان میں  آسٹریلیا کے ہائی کمشنر  ٹموتھی کین نےکہا ہےکہ  سڈنی واقعہ  سیاہ دن ہے، لوگوں کی زندگیاں  بچانے  والا مسلم  شہری آسٹریلیا کا  ہیرو ہے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پاکستان میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین کو فون کیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا  تھا کہ  دکھ کی گھڑی  میں  ہرپاکستانی آسڑیلیا کے ساتھ ہے۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین کا کہنا تھا کہ  سڈنی واقعہ سیاہ دن ہے، لوگوں کی زندگیاں بچانے  والا مسلم  شہری آسٹریلیا کا ہیرو ہے۔

آسڑیلوی ہائی کمشنر نے اظہار تعزیت  پرگورنر سندھ  سے اظہار تشکر کیا۔

خیال رہےکہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر فائرنگ کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سڈنی کے بونڈی بیچ پر پیش آیا جہاں 2 مسلح افراد نے شہریوں پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک  اور  2 پولیس اہلکاروں سمیت 29 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں فائرنگ کرنے والا ایک شخص مارا گیا اور دوسرے حملہ آور کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا جب کہ فائرنگ کرنے والے کی گاڑی سے دھماکا خیز مواد بھی برآمدکیا گیا۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق 43 سالہ احمد ال احمد نے  اپنی جان پر کھیل کر حملہ آور کو  بہادری سے پکڑا اور اس کا اسلحہ چھین کر متعدد لوگوں کی جانیں بچائیں۔

رپورٹ کے مطابق حملہ آور پر قابو پانےکی کوشش میں خود احمد کو بھی بازو پر 2 گولیاں لگیں، وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

احمد ال احمد سڈنی میں دکان پر پھل فروخت کرتے ہیں اور 2 بچوں کے والد ہیں۔

سوشل میڈیا پر بھی اس واقعے کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جس میں احمد کو حملہ آور پر قابو پاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ صارفین کی جانب سے احمد کی بہادری کی داد دی جارہی ہے اور آسٹریلوی میڈیا میں انہیں ہیرو قرار دیا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں