ترکمانستان میں وزیراعظم شہباز شریف عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز بن گئے

0

اسلام آباد ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد وزیراعظم شہباز شریف عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں منعقدہ عالمی امن فورم کے دوران عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز رہے۔

فورم کے موقع پر وزیراعظم کی ایرانی، روسی، ترک اور تاجک صدور سمیت متعدد عالمی رہنماؤں سے اہم اور دوستانہ ملاقاتیں ہوئیں، جن میں دو طرفہ اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کے درمیان ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی مضبوط حمایت کو سراہا۔ ملاقات میں دو طرفہ تجارت کے فروغ، سرحدی منڈیوں کو فعال بنانے اور سرحدی سلامتی مزید مضبوط کرنے پر زور دیا گیا۔

ایرانی صدر نے اس موقع پر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

عالمی فورم کے دوران وزیراعظم کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے غیر رسمی ملاقات بھی ہوئی، جس میں دو طرفہ امور پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران روسی صدر نے کافی دیر تک وزیراعظم شہباز شریف کا ہاتھ تھامے رکھا، جسے سفارتی حلقوں میں گرمجوشی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم کی ترک، تاجک اور روسی صدور کے ساتھ مشترکہ بیٹھک بھی ہوئی، جہاں اہم علاقائی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کی کرغزستان کے صدر سادر جاپاروف سے بھی ملاقات ہوئی۔

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ترکمانستان میں یادگارِ غیر جانبداری کا بھی دورہ کیا اور وہاں پھول رکھے۔ بعد ازاں وزیراعظم نے اپنا دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپسی اختیار کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی فورم پر اپنے پیارے بھائی رجب طیب اردوان سے بہترین ملاقات ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں