اسلام آباد (12 نومبر 2025): خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی قومی ویکسینیشن مہم 17 سے 29 نومبر تک ملک بھر میں جاری رہے گی، اس دوران 3 کروڑ 54 لاکھ بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سنٹر (این ای او سی) کے مطابق خسرہ اور روبیلا کی قومی ویکسینیشن مہم میں 6 ماہ سے 5 سال تک کے تمام بچوں کو ہدف بنایا جائے گا، مخصوص ہائی رسک اضلاع میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔
این ای او سی کے مطابق پنجاب میں 68 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، بلوچستان میں 22 لاکھ 46 ہزار، سندھ میں 84 لاکھ سے زائد، خیبر پختونخوا میں 52 لاکھ 46 ہزار، گلگت بلتستان میں 1 لاکھ 36 ہزار اور اسلام آباد میں 4 لاکھ 61 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
مزید بتایا گیا کہ ویکسین سرکاری صحت کے مراکز، اسکولوں، مدارس اور عارضی ویکسینیشن مراکز پر دی جائے گی، پنجاب میں 1 کروڑ 73 لاکھ سے زائد، سندھ میں 82 لاکھ 63 ہزار سے زائد، خیبر پختونخوا میں 59 لاکھ 88 ہزار سے زائد، بلوچستان میں 27 لاکھ 30 ہزار سے زائد بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔
آزاد کشمیر میں 6 لاکھ 24 ہزار سے زائد، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 46 ہزار سے زائد اور اسلام آباد میں 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔

