کراچی(11 دسمبر 2025): شہر قائد کے علاقے گلستانِ جوہر میں طوطے کی تلاش میں گھروں میں لوٹ مار کی وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے۔
کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک ون کے رہائشی اپارٹمنٹ میں چوری کی غیر معمولی واردات پیش آئی، جہاں ملزم طوطا ڈھونڈنے کے بہانے گھر میں داخل ہوا اور 7 سالہ بچی سے موبائل چھین جبکہ دوسرا اٹھا کر فرار ہوگیا۔
پولیس درجنوں گھروں میں واردات کرنے والےکم عمر ملزم کی تلاش میں ناکام نظر آرہی ہے، ملزم کی کچھ عرصہ قبل ایک فوٹیج منظر عام پر آئی تھی اب ملزم نے گزشتہ روز بھی گلستان جوہر بلاک ون میں واردات کی تھی۔
ملزم نے بیل بجا کر کہا میرا طوطا آپ کے گھر آگیا ہے، بچی نے منع کیا تو ملزم نے کہا گیلری میں دیکھیں طوطا وہاں بیٹھا ہوگا، ملزم کے پاس ہری مرچ بھی موجود تھی کہا اسے دکھائیں تو وہ آ جائے گا، جیسے ہی دروازہ کھلا ملزم اندر آیا اور 2 موبائل فون بچی سے چھین کر فرار ہوگیا۔
کم عمر ملزم گلشن اور گلستان جوہر میں درجنوں گھروں میں واردات کر چکا ہے، ملزم حلیہ بدل کر گھروں میں واردات کرتا ہے۔

