’سپہ سالار پر فضول گوئی بانی پی ٹی آئی کے ذہنی و اخلاقی مفلوج ہونے کا ثبوت ہے‘

0

لاہور (6 دسمبر 2025): وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ذہنی و اخلاقی مفلوج قرار دے دیا۔

عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے عمران خان کا ملک دشمن ایجنڈہ بے نقاب کر دیا، پاکستان کے خلاف بیانیے کی چال چلنے والے ذہنی مریض کو قوم نے پہچان لیا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان اقتدار میں آنے کیلیے قاتل طالبان اور بھارت کی سپورٹ حاصل کر رہا ہے، بنیان المرصوص کے سپہ سالار پر فضول گوئی اس کے ذہنی و اخلاقی مفلوج ہونے کا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’پاکستان اور عمران خان میں کسی ایک کے انتخاب کا وقت آگیا ہے‘

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف کام کرنے والے یہ چند چہرے ریاستی استحکام کیلیے واضح خطرہ ہیں، دشمن ایجنڈے پر چلنے والوں کو جان لینا چاہیے کہ ریاست ان کی ہر سازش ناکام بنائے گی۔

گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر نے اہم پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ شخص جو بیانیہ بنا رہا ہے وہ قومی سلامتی کیلیے خطرہ بن چکا ہے، ایسے کسی بیانیے کی اجازت نہیں دی جائے گی جو سکیورٹی اور ڈیفنس فورسز کے خلاف ہو۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ اس کے نزدیک اس کی ذات اور خواہشات ریاست پاکستان سے بڑھ کر ہے، اس کی مایوسی اس قدر بڑھ چکی ہے کہ وہ سمجھتا ہے میں نہیں تو کچھ نہیں، پروپیگنڈے کے خاتمے کا وقت آگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ذہنی مریض کے ایکس اکاؤنٹ اور جماعت سے بیانیہ چلتا ہے مگر اکاؤنٹ کہاں سے چلتے ہیں یہ پارٹی کو پتا نہیں، اصل بیانیہ اس ذہنی مریض نے دیا اس کے ٹوئٹ کی ٹائمنگ بھی دیکھیں۔

’اس بیانیے کو ان کا اپنا اکاؤنٹ، بھارت اور افغانستان کا سوشل میڈیا چلاتا ہے۔ ری پبلک، انڈیا ٹوڈے اور این ڈی ٹی وی پروپیگنڈا کرتے ہیں۔ یہ را کے اکاؤنٹس ہیں جو اس بیانیے کو اٹھا رہے ہیں۔ تمام بے نامی اکاؤنٹس پاکستان سے باہر ہیں۔ نورین خان نے بھارتی میڈیا پر کہا خیبر پختونخوا والے ہلہ بول دیں۔‘

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں