بھارت میں پروازوں کا شیڈول مسلسل چوتھے روز تعطل کا شکار ہے اور انڈیگو ائیر لائن نے اپنی ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق فضائی سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے بھارتی حکام نے پائلٹس کے اوقات کار پر نئی پابندیاں عائد کی ہیں اور رات کی پروازوں کے لیے مزید سخت قواعد متعارف کرائے ہیں۔
تاہم انڈیگو نے اعتراف کیا ہے کہ وہ یکم نومبر کی ڈیڈلائن سے پہلے ان قواعد کے نفاذ کی مناسب تیاری نہیں کر سکی یوں دسمبر کے مصروف ٹریول سیزن کے آغاز سے قبل رواں ہفتے بڑے پیمانے پر پروازوں کی منسوخی ہوئی جس سے ہزاروں مسافر ائیرپورٹس پر پھنس کر رہ گئے۔
انڈیگو کے سی ای او پیئٹر ایلبرز نے موجودہ بحران کے آغاز کے بعد اپنے پہلے بیان میں مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ حالات کو مکمل طور پر معمول پر آنے میں وقت لگے گا اور توقع ہے کہ یہ عمل 10 سے 15 دسمبر کے درمیان مکمل ہو سکے گا، ایلبرز نے بتایا کہ جمعے کو ایک ہزار سے بھی زیادہ پروازیں منسوخ کی گئیں۔
انڈیگو کی درخواست پر سول ایوی ایشن حکام نے ائیر لائن کو جمعے کے روز عارضی طور پر کچھ نئے قواعد سے استثنیٰ دے دیا تاکہ وہ بحران سے نمٹ سکے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق بھارت کے مختلف ہوائی اڈوں پر پھنسے مسافروں کی بڑی تعداد غم و غصے کا اظہار کرتی نظر آئی اور کئی مقامات پر ائیرلائن عملے سے تکرار بھی دیکھنے میں آئی۔

