کراچی (4 دسمبر 2025): کراچی کی 26 شاہراہوں پر 1+4 رکشہ چلانے پر پابندی عائد کر دی گئی جبکہ خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔
شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلیے کمشنر کراچی نے سیکشن 144 کے تحت پابندی نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے مطابق 1+4 رکشوں کی پابندی کا دائرہ 20 سے بڑھا کر 26 شاہراہوں تک کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک کی سفارش پر شہر میں رکشوں کی آمد و رفت محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا، شاہراہ فیصل سے آئی آئی چندریگر روڈ تک رکشوں کی مکمل ممانعت فوری طور پر نافذ کر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: چنگ چی رکشہ بنانے والی کمپنیوں کو بند کر دینا چاہیے، عدالت
حکمنامے میں کہا گیا کہ شاہراہوں پر رکشہ پابندی 18 اکتوبر سے 17 دسمبر تک مؤثر قرار دی گئی، خلاف ورزی کی صورت میں ایس ایچ اوز کو سیکشن 188 کے تحت مقدمات درج کرنے کی ہدایت کی گئی، متعلقہ محکموں اور ڈپٹی کمشنرز کو تمام احکامات پر فوری اور سخت عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ عوامی شکایات، ٹریفک جام اور حادثات کے خدشات کے باعث مرکزی شاہراہوں پر رکشہ پر پابندی لگائی گئی، کمشنر کراچی نے مزید 6 بڑی شاہراہوں پر رکشوں کی آمد و رفت پر مکمل پابندی عائد کی۔
’ٹریفک پولیس کی نئی سفارشات پر رکشہ پابندی کے دائرہ کار میں باضابطہ توسیع کر دی گئی۔ نئی چھ شاہراہوں پر رکشہ پابندی پہلے سے جاری نوٹیفیکیشن کے مساوی مدت کیلیے نافذ کی گئی۔‘

