یورپ نے چین سے ہاتھ ملا لیا، فرانسیسی صدر کا بیجنگ میں پرتپاک استقبال

0

بیجنگ (04 دسمبر 2025): فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون تین روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے، چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے فرانسیسی ہم منصب کا بیجنگ پہنچنے پر پُرتپاک استقبال کیا۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب یورپ اور چین کے درمیان تجارتی اور سیکیورٹی تعلقات نازک مرحلے میں ہیں۔ اس دورے کا مقصد یورپی مفادات کی حفاظت کے ساتھ چین کے ساتھ تجارتی و اقتصادی توازن برقرار رکھنا ہے۔

روئٹرز کے مطابق صدر ایمانوئل میکرون ماضی میں یورپ کی مشترکہ اور مضبوط پالیسی کے ساتھ چین سے نمٹنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، مگر ساتھ ہی وہ اس بات کا بھی خیال رکھتے ہیں کہ بیجنگ ناراض نہ ہو۔

فرانسیسی صدر میکرون نے کہا کہ فرانس اور چین کو اپنے اختلافات پر قابو پانا ہوگا، کبھی کبھار اختلافات ہوتے ہیں، لیکن ہماری ذمہ داری ہے کہ ان پر قابو پائیں، ایک ساتھ کام کرنے کی صلاحیت فیصلہ کن حیثیت رکھتی ہے، دنیا میں امن و استحکام کے حصول کے لیے دونوں ممالک کا تعاون ضروری ہے۔

انھوں نے کہا یوکرین سمیت جنگ سے متاثرہ دیگر علاقوں میں امن و استحکام کے لیے ہماری مشترکہ کوششیں فیصلہ کن ہو سکتی ہیں۔ میکرون نے تجارتی تعلقات میں توازن پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ چین کو جی 7 ممالک کے ساتھ مل کر معاشی حکمرانی کے فروغ کے لیے تعاون کرنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں