آسٹریلیا کے بلے باز عثمان خواجہ پرتھ ٹیسٹ سے قبل گولف کھیل کر کمر کی تکلیف کا شکار ہونے کے بعد ایک اور مشکل کا شکار ہوگئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے بلے باز عثمان خواجہ کو پرتھ ٹیسٹ میچ کی پچ پر تبصرے نے مشکل میں ڈال دیا۔ کرکٹر نے آئی سی سی کی جانب سے ویری گڈ قرار دی جانے والی پچ کے بارے نامناسب جملے ادا کئے تھے۔
آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا پرتھ ٹیسٹ کی پچ پر نامناسب تبصرے کی وضاحت طلب کرے گا کیونکہ پبلک میں عثمان خواجہ ایسے تبصرے کا اختیار نہیں رکھتے۔
رپورٹس کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا برسبین ٹیسٹ سے قبل کرکٹر سے باضابطہ وضاحت طلب کر سکتا ہے۔ ضروری سمجھا گیا تو ان کے خلاف کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت کارروائی بھی جاسکتی ہے۔
آسٹریلوی کرکٹر کو ایشیز سیریز کے برسبین ٹیسٹ سے قبل فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا ہے۔ پرتھ ٹیسٹ سے قبل گولف کھیل کر کمر کی تکلیف کا شکار ہونے پر عثمان خواجہ کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

