کراچی بلوچستان کی ہواؤں کے اثرات کے باعث کراچی میں سردی بڑھ گئی ، آج بھی وقفے وقفے سے ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سردیوں کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، کراچی میں بھی بلوچستان کی سرد ہواؤں کا اثر محسوس کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج بھی وقفے وقفے سے ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں اور موسم سرد و خشک رہنے کا امکان ہے۔
شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد ہے اور شمال مشرق سے ہوائیں 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
کراچی کا فضائی معیار مضر صحت ہے اور ہوا میں آلودہ ذرات کی شرح 194 پر ٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، چمن اور گردونواح میں یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے باعث درجہ حرارت منفی ایک تک پہنچ گیا۔
کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی دو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قلات میں منفی چار ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
بابوسر ناران شاہراہ چھ ماہ کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ توبہ اچکزئی میں درجہ حرارت منفی تین، خواجہ عمران اور کوژک ٹاپ میں منفی دو ریکارڈ کیا گیا۔

