ٹرمپ کی عمر اور جسمانی توانائی پر رپورٹ، امریکی صدر نے اخبار والوں کو پاگل قرار دے دیا

0

واشنگٹن (29 نومبر 2025): ڈونلڈ ٹرمپ کی عمر اور جسمانی توانائی پر رپورٹ شائع کرنے پر امریکی صدر نے نیویارک ٹائمز والوں کو پاگل قرار دے دیا۔

صدر ٹرمپ نے منگل کے روز شائع ہونے والے ایک مضمون پر دی نیو یارک ٹائمز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جس میں ان کی عمر کی طرف توجہ دلائی گئی تھی اور یہ تجویز دی گئی تھی کہ وہ صدر کے عہدے پر رہتے ہوئے اپنی جسمانی توانائی کھو رہے ہیں۔

ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر اس مضمون کے بارے میں لکھا ’’ناکام اخبار نیو یارک ٹائمز کے بھیانک لوگ پھر سرگرم ہو گئے ہیں۔‘‘ صدر نے اپنی 2024 کی انتخابی جیت کا ذکر کیا اور اسے انھوں نے ’’بھاری اکثریت‘‘ قرار دیا اور معیشت، خارجہ پالیسی سمیت دیگر شعبوں میں اپنی کامیابیوں کا تذکرہ کیا۔

ٹرمپ نے کہا ’’یہ سب کرنے کے لیے بہت زیادہ کام اور توانائی درکار ہوتی ہے اور میں نے اپنی زندگی میں پہلے کبھی اتنی محنت نہیں کی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا ’’اس کے باوجود جلد ہی بند ہونے والے اخبار نیو یارک ٹائمز کے انتہا پسند بائیں بازو کے پاگلوں نے میرے بارے میں ایک گھٹیا رپورٹ شائع کی ہے کہ شاید میری توانائی کم ہو رہی ہے، حالاں کہ حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں۔‘‘

ٹائمز کے مضمون میں لکھا گیا تھا کہ ٹرمپ ’’اور ان کے اردگرد کے لوگ اب بھی ان کے بارے میں ایسے بات کرتے ہیں جیسے وہ صدارتی سیاست کے ’انرجائزر بنی‘ ہوں‘‘ باوجود اس کے کہ ان کی عمر زیادہ ہے۔ واضح رہے کہ انرجائزر بنی دراصل انرجائزر بیٹریوں کے لیے ایک تشہیری خرگوش میسکوٹ ہے۔

ٹائمز نے لکھا حقیقت زیادہ پیچیدہ ہے، 79 سالہ مسٹر ٹرمپ صدارت کے لیے منتخب ہونے والے سب سے عمر رسیدہ شخص ہیں اور وہ بڑھاپے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ ٹرمپ اب عوام میں پہلے کی نسبت کم وقت گزارتے ہیں، دن میں پہلے تقریبات ختم کر دیتے ہیں اور ’’آخرت کے بارے میں زیادہ بات کرنے لگے ہیں۔‘‘

ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل پوسٹ میں جواب دیا ’’انھیں معلوم ہے کہ یہ غلط ہے، جیسے میرے بارے میں ان کی تقریباً ہر بات غلط ہوتی ہے، بشمول انتخابی نتائج۔ سب جان بوجھ کر منفی۔ یہ سستا سا اخبار واقعی عوام کا دشمن ہے۔‘‘

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں