درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلیے جامع حکمت عملی ناگزیر ہے، صدر زرداری

0

اسلام آباد (29 نومبر 2025): صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلیے جامع حکمت عملی ناگزیر قرار دے دی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 27ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کیا۔

ورکشاپ میں اراکین پارلیمنٹ، سینئر سول اور ملٹری افسران، اور تعلیمی اداروں و سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: صدر زرداری سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات

آئی ایس پی آر کے مطابق 27ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ میں مربوط قومی سلامتی کے فریم ورک کے تحت قومی وحدت کے مختلف عناصر کے درمیان باہمی ربط کے بارے میں شرکا کو سمجھنے کا موقع ملا۔

اپنے خطاب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے ورکشاپ کو کامیابی سے مکمل کرنے پر شرکا کو مبارکباد دی اور قومی سلامتی کے بارے میں آگاہی کو تقویت دینے کیلیے ان کی لگن کو سراہا۔

آصف علی زرداری نے پاکستان کے عصری سلامتی کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلیے باخبر قیادت، قومی ہم آہنگی اور مربوط پالیسی سازی کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی قومی سلامتی ورکشاپ قومی سطح کے مکالمے کو فروغ دینے، ادارہ جاتی صلاحیت کو بڑھانے اور قومی سلامتی کیلیے پورے ملک کے نقطہ نظر کو فروغ دینے کیلیے اہم پلیٹ فارم میں سے ایک ہے۔

صدر مملکت نے شرکا کو ورکشاپ کی تکمیل پر مبارکباد دی اور اسناد تقسیم کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں