شہباز شریف کا عمران خان پر 10 ارب روپے ہرجانے کا کیس، اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اہم بیان ریکارڈ کرا دیا

0

لاہور شہباز شریف کے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے کیس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بطور گواہ بیان ریکارڈ کرا دیا۔

سیشن جج لاہور یلماز غنی نے 10 ارب روپے کے ہتک عزت کیس میں شہباز شریف کے گواہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کو طلب کیا تھا جس پر ملک احمد خان آج عدالت میں پیش ہوئے اور اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔

ملک محمداحمد خان نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان نے شہباز شریف پر رشوت لینے کے جھوٹے الزامات عائد کیے، اپریل 2017 میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سنگین الزامات لگائے جو مختلف ٹیلی ویژنز پر چلے۔

انہوں نے کہا کہ میری شہباز شریف کے ساتھ جماعتی وابستگی ہے، شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ اور وزیراعظم عوامی خدمت کی، میرے نزدیک عمران خان کے الزامات کے ذریعے شہباز شریف کے خلاف گمرہ کن پروپیگنڈا کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا اسلام میں بھی جھوٹ اور غیبت کی سخت ممانعت ہے، جھوٹ بول کر کسی کے خلاف قصہ بیان کرنا مذہبی اعتبار سے بھی درست نہیں، مدعی نے جو دعویٰ دائر کیا ہے وہ اس عدالت میں آنے کا حق رکھتا ہے۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل احمد حسین چوٹیاں نے ملک احمد خان کے بیان پر جرح کرتے ہوئے پوچھا کیا جن پروگرامز کا ذکر آپ نے کیا یہ تمام پروگرام پنجاب سے آن ائیر نہیں ہوئے؟ جس پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا یہ تمام قومی پروگرام قومی نشریاتی اداروں پر آتے ہیں، یہ درست ہے تمام پروگرامز پنجاب سے آن ائیر نہیں ہوئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں