صوابی کے باچاخان میڈیکل کمپلیکس (بی کے ایم سی) میں ایک جوڑے کے ہاں بیک وقت 4 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق والدین کا تعلق صوابی کے علاقے سلیم خان سے ہے۔ ماں اور چاروں بچے صحت مند ہیں جبکہ بچوں میں 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔
انچارج نیونٹل کیئر یونٹ ڈاکٹر عنایت اللہ نے بتایا کہ چاروں بچوں کی پیدائش بغیر آپریشن (نارمل ڈیلیوری) کے ہوئی، جس کے بعد نومولود بچوں کو 21 روز تک انتہائی نگہداشت یونٹ میں طبی نگرانی میں رکھا گیا۔
ڈاکٹر عنایت اللہ کے مطابق اب چاروں بچے ایک ماہ کے ہو چکے ہیں اور مکمل طور پر صحت مند ہیں۔
بچوں کے والد مقصود علی نے ایک ساتھ 4 بچوں کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بی کے ایم سی کی انتظامیہ اور ڈاکٹرز کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

