ایک نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ آپ کی ڈرائیونگ کی عادات ڈیمنشیا کی ابتدائی علامت ہو سکتی ہیں۔
امریکی محققین کے مطابق الزائمر اور دماغی بیماریوں کی دیگر اقسام یادداشت اور سوچنے کی صلاحیت میں تبدیلی پیدا کرتی ہیں اور یہ تبدیلیاں گاڑی چلانے کے دوران نمایاں ہونا شروع ہو سکتی ہیں۔
مشاہدات کے مطابق الزائمر کے ابتدائی مراحل میں مبتلا افراد کم ڈرائیونگ کرنے لگتے ہیں، خاص طور پر رات کے وقت اور زیادہ تر مانوس راستوں تک محدود رہتے ہیں۔
واشنگٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن، سینٹ لوئس، میسوری کے سائنس دانوں نے کاروں میں نصب جی پی ایس ٹریکرز کے اعداد و شمار کا استعمال کرتے ہوئے ان لوگوں کی نشاندہی کی جن میں دماغی صلاحیتوں میں کمی کا خطرہ تھا۔
محققین کے مطابق بوڑھے افراد کی ڈرائیونگ پر نظر رکھنا دماغی تبدیلیوں کو ابتدائی مرحلے میں کسی حادثے سے پہلے ہی پکڑنے میں مدد دے سکتا ہے۔

