واشنگٹن (27 نومبر 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپانی وزیر اعظم سانائے تاکائچی کو خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لہجہ نرم رکھیں اور تائیوان کی خودمختاری کے مسئلے پر بیجنگ کو مشتعل نہ کریں۔
وال اسٹریٹ جنرل کی رپورٹ کے مطابق جاپانی وزیر اعظم سے ٹیلی فونک رابطے میں ٹرمپ نے کہا کہ چینی صدر سے متعلق گفتگو کرتے وقت لہجہ دھیما رکھیں، ایسی بات نہ کریں جو چینی صدر کو ناگوار گزرے۔
یاد رہے کہ جاپانی وزیر اعظم نے رواں ماہ پارلیمنٹ میں بیان دیا تھا کہ اگر چین نے تائیوان پر فوجی حملہ کیا تو جاپان بھی عسکری کارروائی کر سکتا ہے۔
روئٹرز کے مطابق ٹرمپ نے جاپانی وزیر اعظم سے کہا کہ وہ چین کے ساتھ جاری تنازعے کو مزید بگڑنے نہ دیں، کیوں کہ وہ بیجنگ کے ساتھ نازک تجارتی جنگ کی جنگ بندی کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

