عراقی کردستان کی بڑی خور مور گیس فیلڈ پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے، جس کے باعث شدید آگ بھڑک اُٹھی، کئی ملازمین زخمی ہوگئے، گیس فیلڈ پر کام روک دیا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خور مور گیس فیلڈ پر ڈرون حملے کے بعد عراق کے کردستان علاقے میں پاور اسٹیشنز کو گیس سپلائی روک دی گئی ہے۔
وزارت قدرتی وسائل اور بجلی کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے گزشتہ ہفتے روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر ڈرون حملہ کیا تھا، جس میں 8 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔
یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے بتایا تھا کہ ماسکو نے 430 ڈرون اور 18 میزائلوں سے دارالحکومت کیف کو نشانا بنایا۔ ان حملوں میں شہری آبادی، عمارتوں اور توانائی کی تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا۔
یوکرینی حکام نے روس کے بہت سارے ڈرونز اور میزائل مار گرانے کا دعویٰ کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈرونز اور میزائل حملوں سے عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ کیف پر روسی حملوں میں آذربائیجان کے سفارت خانے کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا، جس کے بعد آذربائیجان نے روسی سفیر کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا۔

