ہانگ کانگ میں کثیر المنزلہ رہائشی کمپلیکس میں آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد 44 ہوگئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہانگ کانگ کے شمالی علاقے میں واقع کثیرالمنزلہ رہائشی کمپلیکس میں آگ لگ گئی۔
فائر ڈیپارٹمنٹ نے آگ کو چوتھے درجےکی آگ قرار دیا جسے کئی گھنٹوں سے بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔
آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد 44 ہوگئی ہے جبکہ حکام نے زخمیوں کی تعداد 29 بتائی ہے، ہلاک ہونے والوں میں ایک فائر فائٹر بھی شامل ہے، آگ پر قابو پانےکی کوششوں میں مصروف کچھ فائر فائٹرز بھی زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہےکہ آگ سے متاثرہ رہائشی بلاکس کے 279 افراد لاپتہ ہیں۔
پولیس کےمطابق متعددافراد عمارت میں ابھی بھی پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنےکی کوشش جاری ہے۔تقریباً 700 افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق رہائشی کمپلیکس 8 بلاکس پر مشتمل ہے، ہر عمارت 31 منزلہ ہے اور یہاں مجموعی طور پر لگ بھگ 2 ہزار اپارٹمنٹس اور تقریباً 5 ہزار کے قریب افراد رہائش پذیر ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق رہائشی کمپلیکس میں آگ لگنےکی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

