ریاض (15 نومبر 2025): سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان کی اہلیہ نے ذیابیطس کے مریض بچوں کے لیے 10 ملین ریال کا عطیہ دے دیا۔
رپورٹس کے مطابق شہزادی سارہ بنت مشہور بن عبدالعزیز نے ٹائپ ون ذیابیطس میں مبتلا بچوں کے امدادی فنڈ کے لیے دس ملین ریال کا عطیہ دیا ہے، جسے ہیلتھ انڈوومنٹ فنڈ (صندوق الوقف الصحي) چلا رہا ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق یہ عطیہ ذیابیطس کے شکار بچوں کو دیکھ بھال اور علاج کے جدید ترین ذرائع تک رسائی، ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور ان کے اہل خانہ کی مشکلات کو کم کرنے میں مدد کرے گا۔
ہیلتھ انڈوومنٹ فنڈ کی جانب سے بھی وضاحت کی گئی ہے کہ شہزادی سارہ بنت مشہور کے عطیے کی مدد سے جدید انسولین پمپس فراہم ہو سکیں گے، جو علاج کے جدید حل میں سے ایک ہیں اور ذیابیطس میں مبتلا بچوں کو اعتماد اور تحفظ کے ساتھ اپنی روزمرہ کی زندگی گزارنے کے قابل بناتے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں ٹائپ ون ذیابیطس کے شکار بچوں کے لیے اس امدادی فنڈ کے ذریعے سب سے زیادہ ضرورت مند بچوں کی مدد کی جاتی ہے، یہ فنڈ صحت کے شعبے اور غیر منافع بخش اداروں کے ساتھ کام کر کے ملک کے مختلف علاقوں میں 3,000 سے زیادہ مستحقین کو صحت کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔

