اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق گوگل کی جانب سے لنکڈن پر سنیئر پراڈکٹ منیجر اینڈرائیڈ، لیپ ٹاپ اینڈ ٹیبلیٹس کی ملازمت کا اشتہار دیا گیا جسے بعد میں ڈیلیٹ کر دیا گیا۔
اشتہار میں درج تھا کہ یہ عہدہ اینڈرائیڈ پر مبنی نئے ایلومینیم آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے کے لیے ہے۔
اب یہ نئے ڈیسک ٹاپ آپریٹنگ سسٹم کا نام ہے یا کوڈ نام، یہ تو واضح نہیں، مگر یہ عندیہ ضرور ملتا ہے کہ اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کو ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کا حصہ بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایلومینیم آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پر مبنی آپریٹنگ سسٹم ہوگا اور گوگل کی جانب سے اسے متعدد ڈیوائسز جیسے لیپ ٹاپس، ٹیبلیٹس اور ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز وغیرہ میں استعمال کیا جائے گا۔
اسی طرح اس کی سپورٹ انٹری لیول سے پریمیئم ڈیوائسز کے لیے دینے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔
مختصر الفاظ میں یہ نیا ڈیسک ٹاپ پلیٹ فارم ہر طرح کی ڈیوائسز کے لیے دستیاب ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق یہ نیا آپریٹنگ سسٹم بتدریج کروم او ایس کی جگہ لے گا۔
ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ ایلومینیم کو ہی کروم او ایس کا نام دے دیا جائے تاکہ گوگل کروم بک برانڈ کا استعمال جاری رکھ سکے۔
اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں اینڈرائیڈ ایپس کی سپورٹ ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز یا لیپ ٹاپس کے لیے دستیاب ہوگی۔
اسی طرح اینڈرائیڈ ٹیبلیٹس کے استعمال کا تجربہ بھی زیادہ بہتر ہو جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایلومینیم کی پہلی جھلک 2026 میں جاری کیے جانے کا امکان ہے مگر اسے مکمل طور پر متعارف کرانے میں ایک سے 2 سال مزید لگ سکتے ہیں۔

