کراچی انٹرمیڈیٹ حصہ اول سائنس جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔
نتائج کا اعلان چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے انٹربورڈ کراچی کے کمیٹی روم میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا گیا، اس موقع پر یونیوسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ کے اسپیشل سیکرٹری سہیل انور بلوچ بھی موجود تھے۔
ناظم امتحانات زرینہ راشد نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سائنس جنرل گروپ کے امتحانات میں 19ہزار 212 امیدواروں نے رجسٹریشن کی، جن میں سے 18ہزار 813 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔
9 ہزار 678 امیدوار تمام 6 پرچوں میں، 3 ہزار 542 امیدوار پرچوں میں، 2 ہزار 353 طلبہ چار پرچوں میں، 1405 بچے 3 پرچوں میں، 860 دو پرچوں میں جبکہ 580 امیدوار ایک پرچے میں کامیاب قرار پائے۔
چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے بتایا کہ انٹربورڈ کراچی کی تاریخ میں پہلی دفعہ سائنس جنرل گروپ میں ریاضی کا پرچہ ای مارکنگ کے تحت لیا گیا، ریاضی کے پرچے کی جانچ جدید Rubrics سسٹم کے مطابق ای مارکنگ کے ذریعے کی گئی جس سے شفافیت، درستگی اور معیار کو یقینی بنایا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انٹربورڈ کراچی امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوارکرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔
آئندہ سال 2026 کے سالانہ امتحانات میں انٹرمیڈیٹ کے مزید پرچوں کی جانچ ای مارکنگ کے تحت کی جائے گی۔

