ٹیم میں رہنے کیلئے ڈومیسٹک کھیلنے کی شرط، کوہلی ’وجے ہزارے‘ ٹرافی کھیلنے پر آمادہ

0

بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) نے کھلاڑیوں پر واضح کر دیا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کی ضرورت اور فٹنس کے معیار کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا لازمی ہوگا، بصورت دیگر کھلاڑیوں کی ٹیم میں سلیکشن نہیں ہوگی۔

یہ خبر سامنے آنے کے بعد تمام نگاہوں کا مرکز بھارتی ٹیم کے 2 سابق کپتان ویرات کوہلی اور روہت شرما تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کھلاڑی ٹی 20 کرکٹ اور ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ چکے ہیں، اب بورڈ کی شرط ہے کہ ون ڈے ٹیم میں بھی اگر دونوں کھیلنا چاہتے ہیں تو انھیں’ وجے ہزارے‘ ون ڈے ٹورنامنٹ کھیلنا ہوگا۔

مہاراشترا کے 38سال کے روہت شرما جنھیں دورہ آسٹریلیا میں قیادت سے ہٹا کر بورڈ نے شبمن گل کو ون ڈے کپتانی دی تھی، انھوں نے ممبئی سے کھیلنے کے لیے اپنی دستیابی دے دی تھی۔

البتہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ 37سال کے ویرات کوہلی’ وجے ہزارے‘ ٹرافی نہیں کھیلیں گے لیکن اب اطلاعات ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ میں 30 ون ڈے کرکٹ میں 52 اور ٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ میں ایک سنچری اسکور کرنے والے دائیں ہاتھ کے مقبول بلے باز ویرات کوہلی بھی ’وجے ہزارے‘ ٹرافی کھیلنے کے لیے آمادہ ہیں، ایونٹ میں ویرات کوہلی، دہلی کی نمائندگی کریں گے۔

تاہم ابھی یہ طے نہیں ہوا کہ ویرات کوہلی کتنے میچز کیلئے دستیاب ہوں گے، مزید برآں 38ٹیموں پر مشتمل وجے ہزارے ٹرافی 24 دسمبر 2025سے 18جنوری 2026 تک کھیلی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں