کراچی (8 دسمبر 2025) مویشیوں میں تیزی سے ایک بیماری پھیل رہی ہے جس میں ان کی زبان نیلی ہو رہی ہے کیا یہ خطرناک بیماری ہے؟
مویشیوں میں کانگو، لمپی اسکین، ریبیز کی بیماریاں تو پھیلتی ہیں۔ تاہم رواں برس پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں مویشیوں میں نیلی زبان والی بیماری پھیل رہی ہے، جس کو بیلو ٹنگ وائرس کہا جاتا ہے۔
پاکستان میں رواں برس مویشیوں میں نیلی زبان کی بیماری میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کی وجہ اس سال آنے والا سیلاب ہے اور سیلاب متاثرہ علاقوں کے مویشیوں میں یہ بیماری تیزی سے نمو پا رہی ہے۔
لائیو اسٹاک ماہرین کا کہنا ہے کہ بلیو ٹنگ نامی بیماری ایک ایسی بیماری ہے جس میں لائیو اسٹاک یعنی گائے، بکری، بھیڑ، ہرن، اونٹ اور دیگر چرنے والے جانورمتاثر ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس بیماری کو بلیو ٹنگ اس لیے کہا جاتا ہے کہ شدید کیسز میں جانور کی زبان اور منھ کی جھلیاں سوج کر نیلی ہو جاتی ہیں۔ یہ جانوروں کے جسم میں اندرونی خون بہنے اور آکسیجن کی کمی کے باعث بنتا ہے۔
ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگرچہ نیلی زبان کو اس بیماری کی نمایاں علامت سمجھا جاتا ہے لیکن ہر متاثرہ جانور کی زبان نیلی نہیں ہوتی۔

