اسلام آباد (24 نومبر 2025) : قومی و صوبائی اسمبلی کی مجموعی طور پر 13 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے واضح برتری حاصل کرلی ہے۔
آخری اطلاعات تک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 13 خالی نشستوں پر مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو واضح برتری حاصل ہے جبکہ دوسرے نمبر پر ان کے مد مقابل آزاد امیدوار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور کے قومی اسمبلی کی نسشت این اے 18 پر بھی مسلم لیگ ن نے آزاد امیدوار کو شکست سے کر فتح اپنے نام کرلی۔
قومی اسمبلی کی 6 نشستوں پر ضمنی الیکشن میں ن لیگی امیدوار کامیاب قرار پائے جبکہ پنجاب اسمبلی کی 7 میں سے 6 نشستیں مسلم لیگ ن کے نام رہیں جبکہ ایک نشست پر پیپلز پارٹی کو کامیابی مل سکی۔
رپورٹ کے مطابق ہری پور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، میانوالی اور مظفر گڑھ میں ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی آزادانہ طور پر استعمال کیا۔

