برسلز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ عراق جانے والے زائرین کو مقررہ مدت سے زیادہ قیام کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور عراقی وزیر داخلہ جنرل عبدالامیر الشمری کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاک عراق دوطرفہ تعلقات اور زائرین کی سہولت کے لیے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ کے درمیان تعاون کو پائیدار اور مؤثر بنیادوں پر فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
عراقی وزیر داخلہ نے پاکستانی زائرین گروپس کو باقاعدہ منظم اور ریگولیٹ کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔
عراقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی وزارت داخلہ کی فہرست میں شامل تمام زائرین کو عراق آنے کی اجازت ہوگی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے واضح کیا کہ عراق جانے والے زائرین کو مقررہ مدت سے زیادہ قیام کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی اور اس حوالے سے دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے قریبی رابطے میں رہیں گے۔
ملاقات میں سیکیورٹی تعاون، انسدادِ دہشت گردی اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے معلومات کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی نے عراقی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستانی زائرین کے لیے بھرپور تعاون اور روایتی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی زائرین کی سلامتی، عزت اور سہولت حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

