اسلام آباد (6 دسمبر 2025): ڈگری کی تصدیق کے حوالے سے پریشان طلبہ کی آسانی کیلیے اس عمل کو آن لائن کرنے کی تیاریاں حتمی مراحل میں ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ڈگری اٹیسٹیشن کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلیے بلاک چین ٹیکنالوجی کے انضمام کا حتمی منصوبہ منظور کر لیا جس کا مقصد نظام کو مؤثر، تیز و شفاف بنانا اور درخواست گزاروں کی جسمانی حاضری کی شرط ختم کرنا ہے۔
ایچ ای سی کے مطابق نئے نظام کی تیاری کیلیے خریداری (پروکیورمنٹ) کا عمل مکمل کر لیا گیا اور آئندہ 6 ماہ کے اندر نیا بلاک چین پر مبنی نظام مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔
قائم مقام چیئرمین ایچ ای سی نذیر محمود نے متعلقہ ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے اور اس کے جلد از جلد عملی نفاذ کو یقینی بنائے۔
بریفنگ کے دوران انہیں بتایا گیا کہ نئے نظام کے تحت اب درخواست گزاروں کو کسی بھی قسم کی دستاویزات جسمانی طور پر جمع کروانے یا ایچ ای سی کے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
وہ تمام 25 اعلیٰ تعلیمی ادارے جنہوں نے مکمل طور پر انٹرپرائز ریسورس پلاننگ (ای آر پی) سسٹم نافذ کر رکھا ہے ان کے طلبہ کا ریکارڈ براہ راست بلاک چین کے ساتھ خودکار طور پر منسلک ہو جائے گا۔
ان اداروں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کو کسی بھی قسم کی دستاویزات جمع کروانے کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ گریجویشن کے ساتھ ہی ان کی ڈگری ایچ ای سی کے بلاک چین سسٹم میں شامل کر دی جائے گی جس کی تصدیق شدہ رسائی ایچ ای سی پورٹل کے ذریعے ممکن ہوگی۔

