سابق وزیر خزانہ اور عوام پاکستان پارٹی کے سیکرٹری جنرل مفتاح اسماعیل کا کہنا ہےکہ شہباز شریف کے ہوتے ہوئے ایکسپورٹس نہیں بڑھ سکتیں، مائنڈ سیٹ کا مسئلہ ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’’ نیا پاکستان ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ایکپسورٹس بڑھانے کی بات تو درست ہے مگر بڑھائیں گےکیسے؟کچھ تو نظر آئے جس سے لگےکہ معیشت ترقی کی طرف جارہی ہے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ حکومت صرف کاروباری طبقےکو دلاسہ دینےکے لیے آئی ایم ایف سے رعایتیں مانگ رہی ہے، امیروں کو مراعات دینی ہو تو آئی ایم ایف کو منالیتے ہیں لیکن غریب کو رعایت کے لیے آئی ایم ایف کو نہیں مناتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آئی ایم ایف سے رعایتیں نہیں مانگنی چاہئیں، اس کے بجائے اپنے اخراجات کم کرنے چاہئیں۔
مفتاح اسماعیل نےکہا کہ شہباز شریف کے ہوتے ہوئے ایکسپورٹس نہیں بڑھ سکتیں، مائنڈ سیٹ کا مسئلہ ہے، اگر آپ خسارہ بڑھائیں گے تو آئی ایم ایف سے جان کیسے چھوٹےگی؟

