اسلام آباد وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے سوشل میڈیا پر بانی پی ٹی آئی کی خرابی صحت سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں پی ٹی آئی ارکان کا بانی کی صحت اور ملاقاتوں سے متعلق احتجاج پر وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا پی ٹی آئی کے بانی کی صحت سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں جھوٹ اور بے بنیاد ہیں۔
سینیٹ میں پی ٹی آئی کے نکات کے جواب میں چوہدری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بانی پی ٹی آئی کی خرابی صحت سے متعلق خبروں میں صداقت نہیں، بانی پی ٹی آئی صحت مند ہیں اور انہیں تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر یہ جعلی اطلاعات بھارتی میڈیا نے پھیلائی ہیں، بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں، صحت بالکل ٹھیک ہے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سےبات ہوئی ، وہ بالکل صحت مند ہیں۔
سینیٹ کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں صدر سینیٹ، سید یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں دوبارہ شروع ہوا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری، محمد علی نے سینیٹ میں نجکاری کمیشن ترمیمی بل، 2025 پیش کیا۔
صدر سینیٹ نے بل کو متعلقہ اسٹینڈنگ کمیٹی کے حوالے کر دیا۔ سینیٹ کا اجلاس اب دوبارہ پیر کو شام چار بجے کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل، وزیر مملکت برائے داخلہ، طلال چوہدری نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے بانی پاکستان کے تاریخ میں پہلا وی آئی پی قیدی ہیں، کسی اور قیدی کو وہ سہولیات نہیں دی گئیں جیسا کہ ان کے لیے مبینہ طور پر مرغی، ورزش کے آلات یا چھ الگ کمرے فراہم کیے گئے ہیں۔

