پاکستانی ٹیم کے قائم مقام کپتان سلمان علی آغا نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میں شکست کے بعد کہا کہ ہدف کے تعاقب میں تین بہترین پارٹنر شپس قائم ہوئیں، خوش تھا کہ سری لنکا کو 290 سے کم رنز پر محدود کیا ہے۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کو شکست دینے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے قائم مقام کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ اس پچ پر 320 رنزاچھا اسکور ہوتا، خوشی ہے سری لنکا کو 290 تک محدود کرنے میں کامیاب رہے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کی جانب سے دیا جانے والا 289 رنز کا ہدف 48.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
بابر اعظم نے 26 ماہ بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں سنچری بنائی ہے، انہوں نے 20 سنچریاں بنا کر سعید انور کا ریکارڈ برابر کردیا، بابر اعظم کم اننگز میں 20 سنچریاں بنانے والے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

