اسلام آباد مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ خان نے خبردار کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنارویہ ٹھیک نہیں کیا تو ان کے حالات اور بھی خراب ہوسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ خان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں بانی پی ٹی آئی کے سیاسی رویے اور موجودہ صورتحال پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کسی سیاسی جماعت سے بات نہیں کریں گے کیونکہ ان کے بقول “یہ تو سب چور ہیں”۔
سینیٹر افنان اللہ نے اس رویے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی دیگر سیاسی جماعتوں کے بجائے طالبان، بی ایل اے، اور اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کا کہتے ہیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی کو ملک میں شدید انتشار پھیلانے کا ذمہ دار ٹھہرایا اور خبردار کیا کہ “پی ٹی آئی نے اپنا رویہ ٹھیک نہیں کیا تو ان کے حالات اور بھی خراب ہو سکتے ہیں، پی ٹی آئی والوں کے حالات ان کے ہاتھ سے نکلتے جا رہے ہیں۔”
سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما ملاقاتیں کرانے کی پیشکش کرتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ “آپ نے کونسی باتیں کرنی ہیں؟” لیکن جب پی ٹی آئی رہنما بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرتے ہیں تو جیل سے باہر آکر ملک کی برائیاں کرتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو 9 مئی، 26 نومبر، آر ٹی ایس بٹھانے، اور آئین کی دھجیاں اڑانے پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ “ایسا نہیں ہو سکتا کہ بانی پی ٹی آئی کی خواہشات کے مطابق 24 کروڑ عوام کا ملک چلایا جائے، جبکہ پی ٹی آئی والے ملک کا دیوالیہ نکال کر اس پر بھی مہم چلاتے ہیں۔
سینیٹر افنان اللہ نے متنبہ کیا کہ اگر انتشار پھیلانا کم نہ ہوا تو ایسا نہ ہو کہ بانی پی ٹی آئی کو مچھ جیل بھیج دیا جائے، جس کے بعد “ملنا ملانا کم ہو جائے گا۔”

