بانی پی ٹی آئی نے ملکی پاک فوج کے ساتھ باقاعدہ جنگ چھیڑ دی ہے، شرمیلا فاروقی

0

کراچی :پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شرمیلا فاروقی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ملکی پاک فوج کے ساتھ باقاعدہ جنگ چھیڑ دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شرمیلا فاروقی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی منظرنامے میں ہر لمحہ کوئی نہ کوئی تبدیلی آرہی ہے اور ملکی معیشت سمیت مختلف معاملات پر خبریں آتی رہتی ہیں۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ اختیار ولی نے کہا کہ بات چیت کے دروازے بند ہو گئے ہیں لیکن سیاست اور جنگ میں بھی بات چیت کے دروازے بند نہیں کیے جاتے۔

شرمیلا فاروقی نے عمران خان  کے سخت گیر رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا مائنس ون کی باتیں حکومت کی جانب سے آرہی ہیں جبکہ “بانی پی ٹی آئی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے براہ راست فوج کے سربراہ کو ٹارگٹ کرتے ہیں، “بانی پی ٹی آئی نے ملکی پاک فوج کے ساتھ باقاعدہ جنگ چھیڑ دی ہے۔”

انہوں نے کہا کہ دبے لفظوں یا اشاروں میں بات کرنا اور بات ہے، لیکن یہاں تو اعلان جنگ کر دیا گیا ہے ،عمران خان  نے ٹویٹ میں جو الفاظ استعمال کیے وہ میں دہرا نہیں سکتی۔

شرمیلا فاروقی نے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں ایک مذاکراتی کمیٹی بنی تھی اور ایک دو بیٹھک بھی ہوئی تھیں، لیکن مذاکراتی کمیٹی سے پی ٹی آئی خود بھاگ گئی۔

انہوں نے یاد دلایا کہ بلاول بھٹو نے بھی ایک دو بار کہا ہے کہ پی ٹی آئی آئے، بیٹھے اور بات کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات ہو رہی ہے یا نہیں، یہ قومی مسئلہ نہیں ہے”۔ قومی مسائل عام آدمی کو فائدہ پہنچانے والے کام ہونے چاہئیں۔

جیل میں بانی پی ٹی آئی کو ملنے والی سہولیات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کھانا اپنی مرضی کا کھاتے ہیں اور انہیں جیل میں ایکسرسائز مشینیں بھی دی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں