اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی ہائی الرٹ ، خصوصی پلان نافذ

0

راولپنڈی اڈیالہ جیل میں خصوصی سیکیورٹی پلان نافذ العمل ہوگیا ، جیل کی بیرونی سیکیورٹی پر مجموعی طور پر 23 انسپکٹرز اور 700 سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اڈیالہ جیل کی بیرونی سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

خصوصی سیکیورٹی پلان نافذ العمل ہے اور یہ غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا، جیل کی بیرونی سیکیورٹی پر مجموعی طور پر 23 انسپکٹرز اور 700 سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔

جیل کے راستوں پر پانچ اہم ناکوں پر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے، جن میں ناکہ داہگل، گیٹ ون، گیٹ 5، فیکٹری ناکہ اور گورکھ پور شامل ہیں۔

پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی 12-12 گھنٹے کی دو شفٹوں میں تقسیم کی گئی ہے، 12 تھانوں کے ایس ایچ اوز، خواتین پولیس افسران اور دیگر اہلکار بھی تعینات ہیں۔ آر اے ایم پی فورس اور پنجاب کانسٹیبلری سمیت 700 سے زائد اہلکار جدید اسلحہ اور حفاظتی سامان سے لیس ہوں گے۔

ٹریفک پولیس کے 10 افسران و اہلکار بھی تعینات ہیں اور لفٹر بھی موجود رہے گا۔ قیدی وینز بھی سیکیورٹی انتظامات میں شامل ہیں جبکہ اڈیالہ گارڈ کی نفری کچہری ڈیوٹی کے بعد اسٹینڈ بائی رہے گی۔

پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی کی براہ راست نگرانی ایس پی صدر انعم شیر کریں گی، تھانہ گوجرخان، مندرہ، کہوٹہ، کلر سیداں اور دھمیال کے ایس ایچ اوز بھی اہلکاروں کے ہمراہ تعینات ہیں جبکہ چکری، روات، چونترہ، ویمن مورگاہ، کینٹ اور صدر بیرونی علاقوں کے ایس ایچ اوز بھی ڈیوٹی پر موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں